لیفٹیننٹ گورنر نے انڈور سٹیڈیم کومڑھ اور جوڑیاں کے نوجوانوں کیلئے وقف کیا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو مڑھ میں جدید ترین بابا جیتو انڈورسٹیڈیم اور جوڑیاں اکھنور میں انڈور سپورٹس سٹیڈیم کا افتتاح کیا۔کھیلوں کی سہولیات کو نوجوانوں کیلئے وقف کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جدید شوٹنگ رینجز اور ورسٹائل انڈور کورٹس سے لیس نئے انڈور اسپورٹس سٹیڈیم بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی کرنے اور آنے والے کل کے چیمپئنز کو فروغ دینے کیلئے بنائے گئے ہیں ۔ لیفٹیننٹگورنر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر کھیلوںکے پاور ہاوس کے طور پر ابھر رہا ہے جہاں عالمی معیار کی سہولیات اب بڑے شہروں تک محدود نہیں ہیں بلکہ نچلی سطح تک پہنچ رہی ہیں ۔ انہوں نے ورچوئل موڈ کے ذریعے مڑھ اور اکھنور کے نوجوانوں سے بھی بات چیت کی اور کھیلوں کی ترقی میں شمولیت کو یقینی بنانے اور نوجوان امیدواروں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ لیفٹیننٹگورنر نے سماج کے تمام طبقوں بالخصوص خواتین اور نوجوانوں سے ’’ نشہ مکت جموں کشمیر ‘‘ کی تحریک کی قیادت کرنے پر زور دیا ۔ لیفٹیننٹگورنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کی اطلاع دیں اور متاثرین کی بحالی میں فعال طور پر تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سول انتظامیہ منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے ۔ انڈورسپورٹس سٹیڈیم جو ضلع انتظامیہ جموں نے ایچ ڈی ایف سی بینک کے تعاون سے اپنے سی ایس آر اقدام کے تحت تیار کئے ہیں ، عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہیں ۔ ان میں رائفل شوٹنگ کی ایک جدید رینج ، اعلیٰ معیار کے بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کورٹ ، کیرم اور شطرنج جیسے انڈور گیمز کیلئے مخصوص کمرے اور نوجوانوں اور مقامی لوگوں کیلئے جدید سہولیات سے لیس ایک ریڈنگ روم شامل ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے نمائندوں نے لوک بھون میں افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی مڑھ سریندر بھگت ، ممبر قانون ساز اسمبلی اکھنور موہن لال بھگت ، سینئر حکام ، ممتاز شہری اور مڑھ اور جوڑیاں کے مقامی لوگ بھی ورچوئل موڈ کے ذریعے شامل ہوئے ۔
لیفٹیننٹ گورنرکی جی ایم سی ادھم پور میں زخمیوں کی عیادت
عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے 20اپریل کو رام نگرادھم پورمیں پیش آئے افسوسناک سڑک حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی صحت اور خیر و عافیت دریافت کرنے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور کا دورہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنرکو سینئرڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ہسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں کی صحت کے بارے میں جانکاری دِی۔ اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے بہترین طبی اِمداد کو یقینی بنایا جائے۔