ایجنسیز
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’میں پاکستان کا بہت احترام کرتا ہوں، پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے اور قابل احترام ہیں‘۔امریکی میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نے 8 جنگیں روکیں جن میں پاکستان اور ہندوستان کی جنگ بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی جنگ جوہری جنگ کی طرف جارہی تھی، جنگ کے دوران 11 جہاز گرائے گئے، پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جنگ جلد ختم ہو جائیگی اور ہم فاتح ہوں گے، ایران بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمیں فون کرسکتا ہے، ہم یہ کام فون کے ذریعے کریں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں جن لوگوں سے ہم نمٹ رہے ہیں ان میں کچھ مناسب ہیں اورکچھ نہیں، امید ہے کہ ایران دانشمندی کا مظاہرہ کریگا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کا افزودہ یورینیم کامعاملہ مذاکرات کاحصہ ہے، ہم اسے حاصل کریں گے، چین سے زیادہ مایوس نہیں ہوں تاہم وہ مزید مدد کرسکتا ہے۔ نیٹو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے میں نیٹو ہمارے ساتھ نہیں تھا، جب جنگ ختم ہوگئی توبرطانیہ نے کہا کہ وہ جہازبھیجے گا، یہ اچھا نہیں ہے۔