وزیر اعظم کی دریائے ہوگلی پر کشتی سواری اور فوٹو گرافی
یو این آئی
کولکتہ // وزیرِاعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کولکاتا میں دریائے ہوگلی کے کنارے اپنے دن کا آغاز کیا، جہاں انہوں نے کشتی کی سواری کی اور کشتی بانوں سے ملاقات بھی کی۔ ہوگلی ضلع کے کشتی بان گورانگو بسواس نے بتایا: “وزیرِاعظم نریندر مودی اچانک آئے، کشتی کرائے پر لی اور دریا میں سواری کے لیے نکل گئے۔مودی نے اپنی اس کشتی سواری کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں وہ ہاتھ میں کیمرہ لیے لکڑی کی ایک کشتی پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔ تصاویر میں پس منظر میں ہاوڑہ برج اور ودیا ساگر سیٹو بھی دکھائی دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کا دیا بجھنے والا ہے اور بجھتا ہوا دیا پھڑپھڑاتا ہے، اسی لیے ترنمول کے رہنما بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 مئی کو بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ہر ناانصافی اور ہر ظلم کی فائل کھولی جائے گی یہ مودی کی گارنٹی ہے۔پی ایم مودی نے یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی وجئے سنکلپ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے سے بنگال میں جو تبدیلی کی لہر نظر آ رہی تھی، پہلے مرحلے کی ووٹنگ نے اس پر مہر ثبت کر دی ہے۔ بی جے پی کے حق میں جو حمایت سامنے آئی ہے، اس نے پارٹی کی جیت کا بگل بجا دیا ہے۔ جس بنگال میں ترنمول کانگریس نے جمہوریت کے مندر کو کچل دیا تھا اور اپنی آمریت سے اسے مجروح کر دیا تھا، اسی بنگال میں عوام نے پہلے مرحلے میں جمہوریت کے مندر کی دوبارہ تعمیر کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ 4 مئی کو بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ہر ناانصافی اور ہر ظلم کی فائل کھولی جائے گی یہ مودی کی گارنٹی ہے اور آپ کے گھر کا خواب بھی پورا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ڈیڑھ لاکھ روپے تک کی مدد فراہم کی جائے گی اور جو گھر بنے گا وہ خواتین کے نام پر ہوگا۔ بی جے پی بنگال کی ہر بہن اور بیٹی کے خواب پورے کرنے اور ان کی زندگی آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ بی جے پی کا بنگال کی بہنوں سے سیدھا وعدہ ہے کہ انہیں تحفظ، عزت اور خوشحالی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اب دوسرے مرحلے میں آپ کو اس جمہوریت کے مندر پر فتح کا پرچم لہرانا ہے، اسی وجہ سے ترنمول بری طرح گھبرا گئی ہے اور اپنے کارکنوں کو میدان میں آنے کے لیے اکسا رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا، میں بنگال کے عوام اور بی جے پی کے تمام کارکنوں سے کہوں گا کہ یہ انقلاب کی سرزمین ہے، یہ بہادروں کی سرزمین ہے۔ یہ نہ بھولیں کہ بجھنے والا دیا تھوڑی دیر پھڑپھڑاتا ہے اسی طرح ترنمول کا دیا بھی بجھنے سے پہلے پھڑپھڑا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 4 مئی کو نتائج آنے کے بعد ترنمول کے غنڈوں کو بنگال میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ نے ترنمول کے مبینہ جنگل راج کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔وزیر اعظم نے ترنمول کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے جلسے میں موجود لوگوں سے آزادی کے نعرے لگوائے اور کہا کہ بنگال کا وقار دوبارہ بحال کرنے اور اسے ایک بار پھر مواقع کی سرزمین بنانے کے لیے یہ آزادی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ترنمول کے خوف سے، آزادی ترنمول کی بدعنوانی سے، آزادی ترنمول کے سنڈیکیٹ سے، آزادی بیٹیوں پر ہونے والے مظالم سے، آزادی ہجرت کی مجبوری سے، آزادی بے روزگاری سے اور آزادی دراندازوں کے قبضے سے حاصل کرنی ہے۔