ظفر اقبال
اوڑی/ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان ہائی ٹینشن بجلی لائن سے ٹکرانے کے باعث جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام پرنپیلاں اوڑی کے رہائشی 22 سالہ محمد اشفاق قریشی، ولد محمد حنیف قریشی، جو پیشے سے طالب علم تھا، غلطی سے 11 ہزار وولٹ ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اسے شدید برقی جھٹکا لگا۔ اسے فوری طور پر پی ایچ سی بونیار منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ایم سی بارہمولہ منتقل کیا گیا۔
جمعرات کو جب نوجوان کی لاش گھر لائی جا رہی تھی تو مقامی لوگوں نے چندواڑی کے مقام پر اوڑی-بارہمولہ قومی شاہراہ پر واقع محکمہ بجلی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔
مظاہرین کا الزام تھا کہ نوجوان کی موت محکمہ بجلی کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق علاقے میں بجلی کے کھمبے اور تار خستہ حال ہیں اور ہائی ٹینشن لائنیں خطرناک حد تک نیچے لٹک رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعدد بار محکمہ کو آگاہ کیا گیا، تاہم کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
بعد ازاں تحصیلدار اوڑی، ایس ایچ او اوڑی اور محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اوڑی میں بجلی کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، عوام کا محکمہ بجلی کے خلاف شدید احتجاج