عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ وزیر اعظم مودی نے بدھ کے روز پہلگام حملے کی پہلی برسی کے موقع پر جاں بحق ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس سانحے کے متاثرین کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے 22 اپریل 2025 کو پیش آنے والے اس حملے کو ایک بزدلانہ حرکت قرار دیا اور واضح کیا کہ بھارت کسی بھی قسم کی ملی ٹینسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے کہا، “گزشتہ سال آج کے دن پہلگام حملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم افراد کو یاد کر رہے ہیں۔ وہ کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے۔ میری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس نقصان کو برداشت کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا، بطور قوم ہم غم اور عزم میں متحد ہیں۔ بھارت کبھی بھی ملیٹینسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ ملی ٹینٹوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اسی دن جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ملی ٹینٹوں نے 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے، جس کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا گیا تھا۔
اس حملے کے جواب میں بھارت نے 7 مئی کو ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متعدد ملی ٹینٹ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
دریں اثنا، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اسے ایک “بزدلانہ” کارروائی قرار دیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، “22 اپریل 2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے بزدلانہ حملے میں جان گنوانے والے معصوم لوگوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان زخموں کو کبھی نہیں بھولیں گے جو قوم کو دیے گئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دہائیوں سے سرحد پار ملی ٹینسی کا سامنا کر رہا ہے، لیکن اب اس کا جواب “مضبوط، فیصلہ کن اور غیر متزلزل” ہو چکا ہے، اور ملک نے یہ ثابت کیا ہے کہ شہریوں کو نقصان پہنچانے یا قومی اتحاد کو متاثر کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پہلگام حملے کی برسی پر وزیر اعظم نریندر مودی کا دوٹوک پیغام، کہا بھارت ملی ٹینسی کے سامنے نہیں جھکے گا