محتشم احتشام
پونچھ// فائر سیفٹی ویک 2026 کے سلسلے میں ضلع پونچھ میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی جانب سے راجہ سکھ دیو سنگھ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایک جامع اور منظم موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات میں فوری ردعمل، موثر ریسکیو آپریشنز اور عوامی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔تفصیلات کے مطابق یہ موک ڈرل فائر سیفٹی ویک (14 تا 20 اپریل) کے تحت منعقد کی گئی، جو ہر سال ملک بھر میں آگ سے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے منائی جاتی ہے۔ اس دوران فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے اسپتال انتظامیہ کے تعاون سے آگ لگنے کی فرضی صورتحال پیدا کر کے اس پر قابو پانے کی عملی مشق کی۔ڈرل کے دوران فائر فائٹرز نے جدید آلات اور تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے آگ بجھانے، مریضوں اور عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ایمرجنسی رسپانس کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین کو بھی شامل کیا گیا تاکہ کسی بھی حقیقی ہنگامی صورتحال میں مربوط اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔متعلقہ افسران نے بتایا کہ فائر سیفٹی ویک کے دوران پورے جموں و کشمیر میں آگاہی پروگرامز، لیکچرز، ڈیمونسٹریشنز اور موک ڈرلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو آگ سے بچاؤ کے اصولوں سے روشناس کرایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال جیسے حساس مقامات پر اس نوعیت کی مشقیں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں، کیونکہ یہاں مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور منظم کارروائی انسانی جانوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔آخر میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے عوام اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ فائر سیفٹی اصولوں پر سختی سے عمل کریں، حفاظتی آلات کی تنصیب کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حادثے سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اختیار کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔