محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں کھیلوں کے فروغ کی ایک اہم اور تاریخی کاوش اْس وقت کامیابی سے ہمکنار ہوئی جب شہید ڈی وائی ایس پی منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب پونچھ کے زیرِ اہتمام جموں و کشمیر کی پہلی گراس روٹس والی بال لیگ اپنے اختتام کو پہنچی۔ یہ لیگ نہ صرف کھیلوں کے میدان میں ایک سنگِ میل ثابت ہوئی بلکہ دور دراز سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی فراہم کیا۔
چار مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی اس لیگ میں پونچھ، جیاں، سالوا اور دیگر علاقوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، تاہم میدان مارنے کا اعزاز اچھاد کی ٹیموں نے حاصل کیا جنہوں نے لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کیٹیگریز میں اپنی برتری ثابت کی۔لڑکوں کے فائنل مقابلے میں اچھاد نے سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد سلوہ کو 2-1 سے شکست دی۔ میچ کے اسکورز 25-23، 22-25 اور 15-13 رہے، جو دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی عکاسی کرتے ہیں۔
دوسری جانب لڑکیوں کے فائنل میں اچھاد نے منکوٹ کی ٹیم کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔فائنل تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر کرم ویر تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کلب کے چیئرمین محمد طارق کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت سمت فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر وی ڈی سی چیئرمین امان اللہ حق چودھری بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔دیگر معزز شخصیات میں شبیر احمد، انتظار علی، اخلاق احمد اور مقامی سرپنچ بھی موجود تھے۔ماہرین کے مطابق اس کامیاب لیگ نے نہ صرف والی بال کے کھیل کو نئی زندگی بخشی بلکہ یہ ثابت کیا کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو سرحدی علاقوں کے نوجوان بھی قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔