ڈاکٹر جتیندرسنگھ کی دہلی میں جموں و کشمیر کے سکولی بچوں سے ملاقات، ابھرتے ہوئے نئے مواقع پر روشنی ڈالی
نئی دہلی//جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے سکولی بچوں کے ایک گروپ، جو اس وقت “وطن کو جانو” پروگرام کے تحت دہلی کے دورے پر ہیں، سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم، نیز وزیر مملکت برائے وزیر اعظم آفس، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، محکمہ جوہری توانائی اور محکمہ خلاء، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے حوالے سے غیر معمولی حساسیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مودی نے بطور وزیر اعظم اپنی پہلی دیوالی وادی کشمیر کے سیلاب متاثرین کے ساتھ گزاری تھی، جو وہاں کے عوام اور نوجوانوں کے لیے ان کی گہری ہمدردی اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ یہ پروگرام بچوں کو گزشتہ ایک دہائی میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کرنے اور ملک کے متنوع سماجی، ثقافتی اور ترقیاتی منظرنامے سے روشناس ہونے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نئی دہلی میں نائب صدر کے انکلیو میں منعقدہ تقریب کے دوران “وطن کو جانو پروگرام 2026” میں شرکت کرنے والے جموں و کشمیر کے 251نوجوانوں اور بچوں کے ایک گروپ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بھارت کے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزارت داخلہ کے محکمہ جموں، کشمیر و لداخ امور کے ایڈیشنل سیکرٹری شری پرشانت لوکھنڈے بھی موجود تھے۔پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ “وطن کو جانو” جیسے اقدامات نوجوان ذہنوں کو ملک کی سماجی اور ثقافتی تنوع سے روشناس کراتے ہیں اور ان کے اندر قومی وابستگی کے جذبات کو مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں بچے اس پروگرام کے تحت ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہیں، جس سے انہیں نئے تجربات حاصل ہوتے ہیں اور ان کی سوچ میں وسعت آتی ہے۔مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ملک کے مستقبل کے علمبردار ہیں اور ایک ترقی یافتہ بھارت کی تشکیل میں ان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس پروگرام میں شریک بچے قوم کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کریں گے اور اتحاد و یکجہتی کے جذبے کو آگے بڑھائیں گے۔جموں و کشمیر کے بدلتے ہوئے حالات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ خطے میں تعلیم، انفراسٹرکچر اور مجموعی ترقی کے مختلف شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو زیادہ مواقع میسر ہیں اور وہ سول سروسز، اعلیٰ تعلیم اور کارپوریٹ شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں، جو ان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آج ان کے پاس معلومات، مواقع اور پلیٹ فارمز کی فراوانی ہے جو انہیں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اپنی منزل پر توجہ مرکوز رکھیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔وزیر نے مزید کہا کہ “وطن کو جانو” جیسے پروگرام “ایک بھارت، شریشٹھ بھارت” کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس کے ذریعے بچے ملک کے تنوع کو دیکھتے ہوئے اس کی بنیادی یکجہتی کو بھی سمجھتے ہیں۔آخر میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلبہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تجربہ ان کے نقطۂ نظر کو وسیع کرے گا، انہیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ترغیب دے گا اور ان کے اندر ملک کے تئیں ذمہ داری کا مضبوط احساس پیدا کرے گا۔