عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں جوابدہ، شفاف اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے لئے پُرعزم اور ثابت قدم ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اِن باتوں کا اِظہار سول سیکرٹریٹ جموں میں مختلف اِنفرادی اور عوامی وفود سے ملاقات کرنے کے دوران کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی شکایات کے خوش اسلوبی سے ازالے کو یقینی بنانے اور جموں و کشمیر کے تمام خطوں میں مضبوط، جامع اور بروقت ترقی کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔جموں، سری نگر، بارہمولہ، اننت ناگ، راجوری، سانبہ، رام بن اور دیگر اَضلاع سے آئے ہوئے وفود نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔دورانِ ملاقات جن مسائل کو اُبھارا گیا اُن میں زیادہ تر مسائل سڑکوں کی ترقی، روزگار کے مواقع، صنعتی توسیع اور لوگوں کو درپیش روزمرہ مشکلات سے متعلق تھے۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے وفود کے مسائل بغور سُنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔