یواین آئی
تہران//اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آرجی سی) کی خفیہ تنظیم کے سربراہ میجر جنرل ماجد خادمی امریکہ اسرائیل حملے میں مارے گئے ہیں۔آئی آر جی سی نے پیر کو ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا،’’آئی آر جی سی کی خفیہ تنظیم کے سربراہ ماجد خادمی کی آج صبح امریکی صیہونی حملے میں موت ہوگئی‘‘۔غور طلب ہے کہ 28 فروری سے امریکہ اور اسرائیل ایران میں مختلف اہداف پر حملے کر رہے ہیں۔ تنازع کے پہلے دن جنوبی ایران میں لڑکیوں کے ایک اسکول پر حملہ کیا گیا تھا اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی بھی موت ہوگئی تھی۔اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں اب تک 1,300 سے زائد شہری ہلاک اور 20,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی سرزمین اور مغربی ایشیا میں امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کیا ہے۔ اس کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے ٹریفک تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے، جو خلیجی ممالک سے عالمی منڈیوں کو تیل اور مائع قدرتی گیس کی سپلائی کا ایک بڑا راستہ ہے۔ جس کی وجہ سے کئی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ادھراسرائیل نے پیر کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس چیف کو ہلاک کر دیا ہے۔وزیرِ دفاع کاٹزاسرائیل نے اس بات کا اعلان کیا۔
کاتز نے کہا،’’پاسدارانِ انقلاب عام شہریوں پر فائرنگ کر رہے ہیں اور ہم دہشت گردوں کے رہنماؤں کو ختم کر رہے ہیں۔ ایران کے رہنما خود کو نشانے پر محسوس کر رہے ہیں۔ ہم انہیں ایک ایک کر کے تلاش کر کے ختم کرتے رہیں گے۔‘‘کاتز نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران کی اسٹیل اور پیٹروکیمیکل صنعتوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا،’’ہم ایرانی قومی انفراسٹرکچر کو تباہ کرتے رہیں گے اور دہشت گرد حکومت کو کمزور اور بالآخر ختم کرنے کی طرف لے جائیں گے، ساتھ ہی اس کی دہشت گردی کو فروغ دینے اور ریاستِ اسرائیل پر حملے کی صلاحیت کو بھی ختم کریں گے۔‘‘