محتشم احتشام
پونچھ// راجہ سکھ دیو سنگھ ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ میں طبی اور نیم طبی عملے کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ ڈائٹ الاؤنس اور دیگر مراعات میں حالیہ کٹوتیاں نہ صرف غیر منصفانہ ہیں بلکہ ان کی مسلسل خدمات اور قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان احکامات کو واپس لے کر تمام ملازمین کی تنخواہیں سابقہ سطح پر بحال کی جائیں۔
ملازمین نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اتوار، تعطیلات اور تہواروں کے دنوں میں بھی پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے ہیں اور عوام کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ ان کے مطابق پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے باعث وہ اکثر اپنے اہلِ خانہ کو بھی وقت نہیں دے پاتے، ایسے میں تنخواہوں میں کٹوتی ان کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔مظاہرین نے مزید کہا کہ تین روز گزرنے کے باوجود حکام کی جانب سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی، جس سے ان کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔دریں اثنا، مقامی شہریوں نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ طبی عملے کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے تاکہ صحت کی سہولیات کا تسلسل برقرار رہے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔