عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ پی ایم سوریہ گھرمفت بجلی یوجنا کے تحت کشمیر اور جموں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے 4,288 صارفین کے حق میں 3.80کروڑ روپے بطور یو ٹی سبسڈی جاری کیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ، جو محکمہ توانائی کے بھی انچارج ہیں، رکن اسمبلی شکتی راج پریہار کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے پہلے 2,053 صارفین کو مرکزی مالی معاونت (CFA) کے مطابق 1.80کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ اسی طرح جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے 2,235 مستفیدین کے لیے 2 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت سبسڈی کا بڑا حصہ حکومتِ ہند کی جانب سے وزارتِ نئی و قابلِ تجدید توانائی کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ اضافی سبسڈی یو ٹی حکومت دیتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جہاں کہیں یو ٹی کے حصے کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے، وہ زیادہ تر مستفیدین کی تنصیبات کی تصدیق، دستاویزات کی جانچ اور قومی پورٹل کے ذریعے ادائیگی کے انضمام کی وجہ سے ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اس عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور تمام ضروری تصدیقی مراحل مکمل ہونے کے بعد اہل مستفیدین کو باقی ماندہ سبسڈی جاری کر دی جائے گی۔