عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعلیٰعمرعبداللہنے منگل کو کہا ہے کہ حکومت رواں سال 25 ہزار خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس سال کے دوران 25 ہزار اسامیوں کو بھرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر موجودہ اجلاس کے دوران متعدد بار بات ہو چکی ہے، جن میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب، بجٹ اور گرانٹس پر ہونے والی بحثیں شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بھرتی کا عمل شفاف اور وقت کے اندر مکمل ہو۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وقت کی پابندی کا مطلب یہ نہیں کہ عمل کو عجلت میں مکمل کیا جائے، جس سے معاملات عدالتوں تک پہنچ جائیں اور عمل رک جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کئی سلیکشن لسٹس کو عدالتوں میں چیلنج کیا گیا، جس کی وجہ سے فیصلوں میں تاخیر ہوئی اور کئی امیدوار عمر کی حد سے تجاوز کر گئے، جس کے باعث وہ بھرتی سے محروم رہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے میں توازن برقرار رکھنا چاہتی ہے تاکہ شفافیت بھی یقینی بنے اور امیدواروں کے مفادات کا بھی تحفظ ہو۔
حکومت رواں برس 2026 میں 25 ہزار اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے پُرعزم: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ