محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ایندھن کی قلت سے متعلق افواہوں کو انتظامیہ نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ضلع میں گیس، پٹرول اور ڈیزل کی وافر مقدار دستیاب ہے اور سپلائی مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔اسسٹنٹ کنٹرولر لیگل میٹرولوجی پشکر راج شرما نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول پمپوں پر غیر معمولی رش اور لمبی قطاریں دراصل افواہوں کا نتیجہ تھیں، جس نے عوام میں غیر ضروری خوف و ہراس پیدا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں یہ بات سامنے آئی کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ بلا ضرورت ایندھن جمع کرنے سے نہ صرف خود مشکلات پیدا ہوتی ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنتا ہے۔پشکر راج شرما نے خبردار کیا کہ افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، کیونکہ اس طرح کی سرگرمیاں عوامی نظام کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ بدامنی کو بھی جنم دیتی ہیں۔ضلع انتظامیہ نے ایک بار پھر شہریوں پر زور دیا کہ وہ صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر تصدیق شدہ خبروں سے گریز کریں تاکہ امن و سکون کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔