جاوید رانا کا جموںوکشمیر میں جنگلات کے تحفظ کو مضبوط بنانے کیلئے اجتماعی اقدامات پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نےجموں و کشمیر میں جنگلات کے تحفظ کے لئے اِجتماعی اورمستقل کوششوں پر زور دیا اور اُنہوں نے زِندگی کو برقرار رکھنے ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے میں ان کے ناگزیر کردار کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار جنگلات کے عالمی دِن کے موقعہ پر ایف آر ایم سی بلڈنگ نروال میں منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر موصوف نے جنگلات کی ماحولیاتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں وسیع اور متنوع جنگلاتی وسائل کاذخیرہ موجود ہیں جو ماحولیاتی توازن، پانی کی حفاظت، زمینی تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے عوامی شمولیت کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا ترقی اور نیچرکے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے کمیونٹی کی بنیاد پر تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے اِنتظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔جاوید رانا نے سائنسی تحقیق، محکموں کے درمیان ہم آہنگی اورکمیونٹی پر مبنی اَقدامات کے ذریعے خطے کے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے پانی کے قدرتی نظام میں جنگلات کے کردار کی طرف توجہ مبذول کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات قدرتی ذخائر اور فلٹر کے طور پر کام کرتے ہیں جو صاف پانی کی فراہمی، دریاؤں اور زمینی پانی کو برقرار رکھنے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے ان اہم ماحولیاتی نظاموں کے تحفظ میں عوامی شراکت داری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے جاری اَقدامات کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ گرین جے اینڈ کے مہم کے تحت رواں مالی برس کے دوران زائد اَز 78لاکھ پودے لگائے گئے ہیںجو ہزاروں ہیکٹر رقبے پر محیط ہیں جبکہ آئندہ سال کے لئے ایک کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اُنہوں نے ایکو ٹوراِزم کو فروغ دینے کے لئے ایکو پارکس، ٹریکنگ روٹس اور جنگلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے اَقدامات کا بھی ذکر کیا جن کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔وزیر جاوید رانانے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر میں جنگلات کا رقبہ 20,194مربع کلومیٹر سے زائد ہے جو کُل جغرافیائی رقبے کا تقریباً 48فیصد بنتا ہے اور گزشتہ دہائی کے دوران جنگلاتی رقبے میں اِضافے پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وسیع پیمانے پر شجرکاری مہمات کے ذریعے گرین کور کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت کے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کے ذریعے گرین کور کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر موصوف نے فلاحی اَقدامات کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات نے مقامی آبادی کودیرپا طریقے سے لکڑی اور دیگر جنگلاتی مصنوعات فراہم کر کے ان کی مدد کی ہے۔رواں برس کے دوران 7,149مستفیدین کو 9.09لاکھ مکعب فٹ لکڑی فراہم کی گئی جبکہ 95,655کوئنٹل ایندھن کی لکڑی اور 2.77لاکھ کوئنٹل سبز چارہ ہزاروں مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔اُنہوں نے قومی سطح کے پروگراموں جیسے نیشنل فارسٹ پالیسی، گرین اِنڈیا مشن اور نگر وان یوجنا کی عمل آوری کے بارے میں بھی بات کی جن کا مقصد عوامی شمولیت کے ذریعے خراب شدہ زمینوں کی بحالی اور سبزہ میں اِضافہ ہے۔جاوید رانا نے پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے جنگلات کی کٹائی، ناجائز قبضوں اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مربوط اور مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جنگلات کا تحفظ ایک مشترکہ ذِمہ داری ہے جس کے لئے سرکاری محکموں، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹیوں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔وزیرموصوف نے یو ٹی سطح کے فارسٹری ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مُبارک باد دی اور فارسٹ ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ سے فارغ التحصیل ہونے والے تربیت یافتہ اَفراد کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں جنگلات کے تحفظ کی کوششوں میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔
Package
جے جے ایم کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن وزیر جل شکتی سے ملاقی
بقایا جات کی جلد اَدائیگی کو یقینی بنانے میں معاونت فراہم کرنے پرزوور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جل جیون مشن (جے جے ایم) سے وابستہ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا سے ملاقات کی تاکہ مکمل شدہ کاموں بشمول جے جے ایم کے تحت ریٹروفٹنگ سکیموں کے زیر اِلتوا ٔاَدائیگیوں کے بارے میں مسائل کو گوش گزار کیاجا سکے۔وفد نے کہا کہ مکمل کئے گئے کاموں کی اَدائیگی میں تاخیر نہ صرف منصوبوں کی عمل آوری کو متاثر کر رہی ہے بلکہ کنٹریکٹروں کی مالی حالت پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے۔اُنہوں نے وزیر سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور بقایا جات کی جلد اَدائیگی کو یقینی بنانے میں معاونت فراہم کریں۔وزیرجاوید رانا نے مسائل کو بغور سُنا اور وفد کو یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے انہیں بتایا کہ اِس معاملے کو جلد حل کرنے کے لئے وزارتِ مرکزی حکومت جل شکتی کے ساتھ پہلے ہی اُٹھایا جا چکا ہے۔وزیر موصوف نے جل جیون مشن کی مؤثر عمل آوری کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق سکیموں کی بروقت تکمیل اور مالی وسائل کی روانی کو یقینی بنانا اہم ترجیحات میں شامل ہے۔اُنہوں نے یقین دلایا کہ ادائیگی کے نظام کو بہتر بنانے اور رُکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ضروری اَقدامات کئے جائیں گے۔