عظمی نیوزسروس
راجوری//لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، جنرل آفیسر کمانڈنگ وائٹ نائٹ کور نے منگل کے روز آپریشنل تیاری، مستقل مستعدی اور اعلیٰ سطح کی چوکسی پر زور دیتے ہوئے سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات دیں۔وہ راجوری میں کاؤنٹر انسرجنسی فورس رومیو کے دورے کے دوران سینئر فوجی افسران سے خطاب کر رہے تھے۔فوج کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے رومیو فورس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور انسداد ملی ٹینسی نظام (CT گرڈ) کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس دورے کے دوران مختلف فارمیشنز کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور آپریشنل حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔جی او سی وائٹ نائٹ کور نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر سکیورٹی کے لیے اعلیٰ معیار کی آپریشنل کارکردگی، مسلسل تیاری اور چوکسی کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔دورے کے دوران رومیو فورس ہیڈکوارٹر میں ایک اہم سکیورٹی جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں علاقے کے سینئر فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جی او سی رومیو فورس نے اپنے دائرہ کار میں سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔