محتشم احتشام
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ نے عوامی شکایات اور میڈیا رپورٹس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بتاڑ نالہ کے مقام پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی جھونپڑیوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔گزشتہ روز کشمیر عظمیٰ میںبتاڑ نالہ میں غیر قانونی تعمیرات کی خبر نشر ہونے کے بعد، ضلع مجسٹریٹ اشوک کمار شرما نے معاملے کا سخت نوٹس لیا۔
انہوں نے فوری طور پر محکمہ مال کو متحرک ہونے اور زمین کو واگزار کرانے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ان احکامات کی تعمیل میں، تحصیلدار حویلی اظہر ماجد کی زیر نگرانی اور نایب تحصیلدار حویلی پرکاش سنگھ کی زیر سرپرستی محکمہ مال کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔فوری ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ایک نو تعمیر شدہ غیر قانونی جھونپڑی کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی یا ندی نالوں کے قریب کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔صرف مسماری پر ہی بس نہیں کیا گیا، بلکہ انتظامیہ نے ایک منظم طریقہ کار اپناتے ہوئے درج ذیل اقدامات کیے ہیں۔ نالے کے گرد و نواح میں پہلے سے موجود دیگر جھونپڑیوں اور وہاں مقیم خاندانوں کی مکمل نشاندہی کر لی گئی ہے۔متعلقہ خاندانوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام تر رہائشی و زمینی کاغذات کے ہمراہ تحصیل آفس میں حاضر ہوں۔اگر یہ ثابت ہوا کہ یہ تعمیرات سرکاری اراضی پر قبضے کی نیت سے کی گئی ہیں، تو ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔