حسین محتشم
پونچھ+راجوری//ضلع پونچھ سمیت پورے خطے میں عیدالفطر کا تہوار نہایت عقیدت، مذہبی جوش و خروش اور مثالی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ منایا گیا، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید ادا کر کے اس پرمسرت دن کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اتحاد، بھائی چارے اور یگانگت کی ایک خوبصورت تصویر دیکھنے کو ملی، جب مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔پونچھ کے مرکزی عیدگاہ میں سب سے بڑا اجتماع دیکھنے میں آیا، جہاں صبح سویرے ہزاروں مسلمانوں نے نمازِ عیدالفطر ادا کی اور ملک و ملت کی سلامتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اسی طرح مرکزی جامع مسجد علی پونچھ، جامع مسجد بگیالاں اور دیگر مساجد میں بھی بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
خطہ پیر پنچال کے دیگر علاقوں جن میں راجوری، مینڈھر، منڈی، سرنکوٹ، منجاکوٹ، تھنہ منڈی، کالاکوٹ، کوٹرنکہ اور نوشہرہ شامل ہیں، میں بھی عیدالفطر پورے مذہبی احترام اور خوشی کے ماحول میں منائی گئی۔ ہر جگہ نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے اور لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شفقت حسین بھٹ نے دیگر ضلعی و پولیس افسران کے ہمراہ عید کی تقریبات میں شرکت کی اور عوام کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ ان کی موجودگی نے نہ صرف عوام کے حوصلے بلند کیے بلکہ مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے پیغام کو بھی مضبوط کیا۔ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے اس موقع پر عوام کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار ہمیں عبادت، صبر، سخاوت اور باہمی محبت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کا دن ہمیں ایک دوسرے کے قریب آنے اور معاشرے میں بھائی چارے کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے عید کے موقع پر سیکورٹی، ٹریفک نظام اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے جامع اور موثر انتظامات کیے گئے تھے، جس کے باعث پورے ضلع میں عید کی تقریبات پرامن اور خوشگوار ماحول میں انجام پائیں۔ حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے عید کے موقع پر مختلف مساجد کا دورہ کیا اور نمازیوں، آئمہ کرام اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس دوران مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹتے، مٹھائیاں تقسیم کرتے اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کرتے دیکھا گیا، جو اس خطے کی گنگا جمنی تہذیب کی عکاسی کرتا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے بازاروں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دکانوں خصوصاً مٹھائی کی دکانوں کا معائنہ کیا اور اشیائے خورد و نوش کے معیار، صفائی ستھرائی اور فراہمی کا جائزہ لیا تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اسی طرح راجوری ضلع میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری و دیگر اعلیٰ پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے عام لوگوں کیساتھ عید منائی ۔ضلع میں سب سے بڑی تقریب جامع مسجد راجوری میں منعقد کی گئی جہاں پر ہزاروں افراد نے عید نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔عوام نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے عید کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر ضلع پونچھ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں عیدالفطر امن، خوشی اور بھائی چارے کے ماحول میں منائی گئی، جس نے ایک بار پھر اس خطے کی رواداری اور اتحاد کی روشن روایت کو اجاگر کیا۔
انجمن جعفریہ پونچھ نے عیدالفطر سادگی سے منائی
محتشم احتشام
پونچھ//انجمن جعفریہ پونچھ کے زیر اہتمام ضلع پونچھ میں عیدالفطر نہایت سادگی، وقار اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر روایتی جشن و مسرت کے بجائے امتِ مسلمہ کو درپیش حالات کے پیش نظر سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔مرکزی عیدگاہ میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ نماز عید کی ادائیگی سے قبل اور بعد میں عالمِ اسلام کی موجودہ صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر خصوصی دعائیں کی گئیں۔
خطبہ عید میں اتحادِ امت، صبر و استقامت اور مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔نماز عید کے دوران ایک منفرد اور پرامن احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، جہاں نمازیوں نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف اپنی ناراضگی اور مذمت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس عمل کو مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی اور عالمی ناانصافیوں کے خلاف علامتی احتجاج قرار دیا۔اس موقع پر ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی نمایاں رہا۔ مقررین اور شرکاء نے ایران کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی، مسلکی اور جغرافیائی اختلافات سے بالاتر ہو کر مظلوموں کی حمایت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انجمن جعفریہ پہنچ کے صدر مقصود احمد کلی نے بتایاکہ عید کی تقریبات کو جان بوجھ کر سادہ رکھا گیا تاکہ دنیا بھر میں جاری مشکلات اور بالخصوص فلسطین و دیگر خطوں کے متاثرہ عوام کے ساتھ عملی ہمدردی کا اظہار کیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں اعتدال اختیار کریں اور ضرورت مندوں کی مدد کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہ یہ تقریب نہ صرف مذہبی عقیدت کا مظہر تھی بلکہ اس نے ایک مضبوط سماجی و سیاسی پیغام بھی دیا کہ پونچھ کے عوام عالمی مسائل سے باخبر ہیں اور امتِ مسلمہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔