عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے دور دراز علاقے مندر گلہ میں فوج کی کاؤنٹر انسَر جنسی فورس (رومیو) کی جانب سے ایک پروقار افطار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سیکورٹی فورسز اور عوام کے درمیان باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا تھا۔افطار تقریب میں ملحقہ علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں دیہاتیوں نے شرکت کی، جہاں روزہ داروں کے لیے افطار کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ شرکاء کو مختلف اقسام کے کھانے اور مشروبات پیش کیے گئے تاکہ وہ ماہِ مقدس رمضان کے دوران روزہ افطار کر سکیں۔تقریب کے دوران فوجی افسران اور مقامی افراد کے درمیان مختلف سماجی مسائل اور علاقے کی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقع پر لوگوں نے اپنے مسائل اور خدشات فوجی حکام کے سامنے پیش کیے، جس پر افسران نے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔افطار محفل میں مذہبی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر اتحاد اور یکجہتی کی فضا دیکھنے میں آئی، جس نے فوج اور عوام کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی عکاسی کی۔مقامی باشندوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف باہمی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فاصلے بھی کم ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔