عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر 11 میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں مشتعل سوروںکے اچانک حملے میں دو بزرگ شہری زخمی ہو گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔ زخمیوں کی شناخت سید محمد (85) ولد ناصر دین، ساکن وارڈ نمبر 11 تھنہ منڈی، اور غلام حسین (65) ولد رجبا، ساکن الال کے طور پر کی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں افراد معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف تھے کہ اسی دوران سوروں کے ایک جھنڈ نے ان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی لوگوں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر (PHC) تھنہ منڈی پہنچایا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) راجوری منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ عوام نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ آوارہ اور خطرناک جانوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب ممکن ہو۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹھنڈا منڈی کے بدھ کنہ میں بھی ایک اسی قسم کا واقعہ پیش ایا جس میں چند افراد کو جنگلی سوروں نے شدید طور پر زخمی کر دیا تھا۔