محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں نیشنل ہیلتھ مشن سے وابستہ ملازمین نے اپنی دیرینہ مطالبات کے حق میں پیر کے روز قلم بند ہڑتال کرتے ہوئے ضلع ہسپتال پونچھ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، عیدالفطر سے قبل بقایا جات جاری کیے جائیں اور ملازمین کو مستقل کیا جائے۔
احتجاج میں شامل این ایچ ایم ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ صحت میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، مگر اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولیات اور ملازمت کے تحفظ سے محروم رکھا جا رہا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ تاخیر سے تنخواہیں ملنے کی وجہ سے ان کے گھریلو حالات متاثر ہو رہے ہیں، خصوصاً ماہِ رمضان کے آخری ایام میں عیدالفطر کی تیاریوں کے پیش نظر بروقت تنخواہ نہ ملنا ان کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔ملازمین نے حکومت سے اپیل کی کہ عید سے قبل ان کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں تاکہ وہ بھی دیگر سرکاری ملازمین کی طرح اپنی ذمہ داریاں اور گھریلو ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ این ایچ ایم کے تحت خدمات انجام دینے والے کارکنان نے مشکل حالات میں بھی محکمہ صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، خصوصاً وبائی امراض اور دیگر طبی ہنگامی صورتحال کے دوران ان کی خدمات قابلِ قدر رہی ہیں۔مظاہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ این ایچ ایم ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے حکومت واضح پالیسی مرتب کرے تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو وہ اپنے احتجاج کو مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔احتجاج کے دوران ملازمین نے پْرامن انداز میں اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جلد مثبت اقدام کی امید ظاہر کی۔ مقامی شہریوں نے بھی ملازمین کے مسائل کو جائز قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحت کے شعبے سے وابستہ ان کارکنان کی مشکلات کو سنجیدگی سے حل کرے تاکہ طبی خدمات کا نظام متاثر نہ ہو۔