محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) اور محکمہ اریگیشن سے وابستہ گوجر بکروال ملازمین کے ایک نمائندہ وفد نے گوجر بکروال ایمپلائز ایسوسی ایشن (جی بی ای اے) کے یو ٹی صدر چوہدری محمد اسد نعمانی سے پونچھ میں قائم ایسوسی ایشن کے سب آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے چوہدری محمد اسد نعمانی کو جی بی ای اے کا یو ٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وفد کے اراکین نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں گوجر بکروال برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو درپیش مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ملاقات کے دوران وفد نے محکمہ پی ایچ ای اور اریگیشن میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو درپیش مختلف دیرینہ مسائل کی تفصیل بھی پیش کی۔ ان مسائل میں ڈیلی ویجر ملازمین کی مستقلی، گزشتہ چھ برس سے واجب الادا اجرتوں کی عدم ادائیگی، سی پی ورکرز سے متعلق معاملات، نیڈ بیسڈ ملازمین کو درپیش مشکلات، زمین عطیہ کرنے والوں کے مسائل اور ڈپلومہ ہولڈرز کے معاملات شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جی بی ای اے کے یو ٹی صدر چوہدری محمد اسد نعمانی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ملازمین کو درپیش مشکلات کا انہیں مکمل احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن ان معاملات کو متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائے گی اور ان کے جلد از جلد حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خواہ بات ڈیلی ویجر ملازمین کی مستقلی کی ہو، برسوں سے رکی ہوئی اجرتوں کی ادائیگی کی ہو یا سی پی ورکرز، نیڈ بیسڈ ملازمین، لینڈ ڈونرز اور ڈپلومہ ہولڈرز کے مسائل کی، ایسوسی ایشن ان تمام معاملات کو مضبوطی کے ساتھ متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرتی رہے گی جب تک کہ ان کا مناسب اور پائیدار حل نہیں نکل آتا۔آخر میں چوہدری محمد اسد نعمانی نے وفد کا جی بی ای اے کے دفتر آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اعتماد اور حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور یقین دلایا کہ ایسوسی ایشن گوجر بکروال برادری سے وابستہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔