جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے جابہ علاقے میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا۔مقامی ذرائع کے مطابق منگل کے روز جابہ علاقے میں کسی بات کو لے کر دو گروپوں کے درمیان اچانک جھگڑا شروع ہو گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے جھڑپ میں تبدیل ہو گیا۔
اس دوران تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں دو زخمیوں، جن کی شناخت افتخار احمد اور اخلاق احمد کے طور پر ہوئی ہے، کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بہتر علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کر دیا گیا جبکہ تیسرے زخمی ریاست علی کا علاج سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں جاری ہے۔پولیس کے مطابق جھگڑے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں بھی لے لیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے اور واقعہ میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔