محتشم احتشام
پونچھ//ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پونچھ میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے مقصد سے ’اساتذہ کی شخصیت سازی‘ کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ یہ تربیت 10 مارچ سے 14 مارچ 2026 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارت، اعتماد، ابلاغی صلاحیتوں اور مجموعی شخصیت کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔تقریبِ افتتاح باوقار انداز میں منعقد ہوئی جس کی نظامت امتیاز بانڈے (ایچ او ڈی ڈائٹ پونچھ) نے کی، جو اس پروگرام کے اکیڈمک کوآرڈی نیٹر بھی ہیں۔ پروگرام کا آغاز قومی ترانے اور دعا سے کیا گیا جس نے تربیتی نشست کے لیے ایک مثبت اور باوقار ماحول فراہم کیا۔اس موقع پر سجاد حسین شاہ، قائم مقام پرنسپل ڈائٹ پونچھ نے تربیتی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اساتذہ کی شخصیت سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ استاد صرف علم منتقل کرنے والا نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت، اعتماد اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق اساتذہ کو اپنی ابلاغی مہارت، قیادت کی صلاحیت، کلاس روم مینجمنٹ اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو مسلسل بہتر بناتے رہنا چاہیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام میں اساتذہ کو موثر ابلاغ، اعتماد سازی، پیشہ ورانہ رویہ، جذباتی ذہانت، قیادت کی صلاحیت اور ذہنی دباؤ کے نظم و نسق جیسے اہم موضوعات پر عملی رہنمائی فراہم کی جائے گی، تاکہ اساتذہ تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنا سکیں۔پروگرام کے کورس کوآرڈی نیٹر، الطاف احمد (سینئر لیکچرر ڈائٹ پونچھ) نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تربیت کے مقاصد، شیڈول اور متوقع نتائج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تربیتی سیشنز، مباحثوں اور عملی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔اس تربیتی پروگرام کے دوران مظفر حسین (سینئر لیکچرر ڈائٹ پونچھ) اور ہارون رتھور (سینئر لیکچرر بوائز ہائر سیکنڈری سکول منڈی) بطور ریسورس پرسن مختلف موضوعات پر لیکچرز دیں گے اور اساتذہ کو شخصیت سازی، ابلاغی مہارت، پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور مؤثر تدریسی حکمتِ عملیوں سے متعلق اپنی مہارت سے مستفید کریں گے۔افتتاحی نشست کے اختتام پر شرکاء کو پروگرام کے مقاصد اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ مباحثوں، گروپ سرگرمیوں اور انٹرایکٹو سیشنز میں فعال شرکت کریں تاکہ یہ تربیت ان کی پیشہ ورانہ ترقی کے لئے مؤثر اور بامعنی ثابت ہو۔منتظمین کے مطابق یہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام اساتذہ کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ضلع پونچھ میں تدریس و تعلم کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔