گھمبیربرہمناں علاقے میں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کیلئے رات بھر آپریشن چلا
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں طویل عرصے سے جاری خشک موسم اور بارش کی کمی کے باعث جنگلاتی آگ کے واقعات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جس سے مقامی لوگوں اور ماہرین ماحولیات میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ماضی میں اس خطے میں جنگلاتی آگ کے واقعات عموماً مئی اور جون کے شدید گرمی کے مہینوں میں رپورٹ ہوتے تھے، تاہم اس سال مارچ کے آغاز ہی میں ایسے واقعات سامنے آنے لگے ہیں جو موسمی حالات میں ایک غیر معمولی تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جنگلاتی علاقوں میں مٹی کی نمی کم ہونے اور مسلسل خشک موسم کے باعث آگ لگنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اسی دوران اتوار کی شام راجوری کے گھمبیر برہمناںعلاقے میں جنگل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد محکمہ جنگلات جموں و کشمیر اور فاریسٹ پروٹیکشن فورس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی۔فاریسٹ پروٹیکشن فورس راجوری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسعود احمد کے مطابق آگ پر قابو پانے اور اسے قریبی جنگلاتی علاقوں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے پوری رات کوششیں جاری رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیموں نے مسلسل محنت کے بعد آگ کو قابو میں کرنے میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے میں جنگل کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی انسانی جان یا دیگر املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلاتی علاقوں میں آگ لگنے کے ممکنہ اسباب سے احتیاط کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔