عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری اور اس سے منسلک ہسپتال کے نان گزٹڈ ملازمین نے پیر کے روز ہسپتال کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سروس ریکروٹمنٹ رولز (ایس آر آرز) کی حتمی منظوری میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔یہ احتجاج ان پانچ نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں تعینات نان گزٹڈ ملازمین کے لئے سروس ریکروٹمنٹ رولز کو حتمی شکل نہ دینے کے خلاف کیا گیا جو سال 2020 سے قائم کیے گئے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ برسوں سے وہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن اب تک ان کے سروس قواعد کو حتمی شکل نہیں دی گئی جسے انہوں نے ملازمین کے ساتھ ناانصافی اور ان کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
احتجاج کے دوران ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سروس ریکروٹمنٹ رولز نہ ہونے کی وجہ سے ان کی ملازمت کی شرائط غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں جس سے ملازمین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور سروس ریکروٹمنٹ رولز کی حتمی منظوری کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ملازمین کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔مظاہرین نے واضح کیا کہ پیر کے روز ہونے والا احتجاج علامتی نوعیت کا تھا اور اس دوران اسپتال کی ضروری طبی خدمات متاثر نہیں ہونے دی گئیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اسی طرح غفلت برتی اور مسئلے کا حل نہ نکالا تو ملازمین آنے والے دنوں میں علامتی ہڑتال کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔