جاوید اقبال
مینڈھر// قصبہ مینڈھر میں ماہِ رمضان کے دوران ٹریفک جام کا مسئلہ بدستور برقرار ہے اور اس میں دن بہ دن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بازاروں اور اہم شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بھیڑ اور بے ہنگم ٹریفک کے باعث عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ روزہ داروں کو خریداری اور آمد و رفت کے دوران خاصی پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے، لیکن ٹریفک انتظامات مؤثر نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز طویل ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
لوگوں کے مطابق ٹریفک پولیس اس صورتحال کو قابو کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے جس کے باعث شہریوں کو گھنٹوں سڑکوں پر انتظار کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے بتایا کہ قصبہ کے مرکزی بازار اور اہم سڑکیں خاص طور پر شام کے اوقات میں مکمل طور پر جام ہو جاتی ہیں، جس سے نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک نظام پر مؤثر کنٹرول نظر نہیں آ رہا۔مقامی لوگوں کے مطابق غلط پارکنگ ٹریفک جام کی سب سے بڑی وجہ بن چکی ہے۔ بازاروں اور سڑکوں کے کناروں پر گاڑیاں بے ترتیبی کے ساتھ کھڑی کر دی جاتی ہیں جس کے باعث سڑکیں تنگ ہو جاتی ہیں اور آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔عوام نے ٹریفک محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور قصبہ مینڈھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کریں، تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔