جاوید اقبال
مینڈھر// ماہِ رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کے موقع پر مرکزی جامع مسجد مینڈھر میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ اسلام نے نمازِ جمعہ ادا کی۔ اس روح پرور اجتماع میں قصبہ مینڈھر کے علاوہ مضافاتی اور دور دراز علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ مسجد میں نمازیوں کی کثیر تعداد کے باعث خصوصی روحانی ماحول دیکھنے کو ملا اور لوگوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ نماز ادا کی۔اس موقع پر امام و خطیب مرکزی جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی فضیلت اور برکت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ عبادت، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور نیک اعمال میں مصروف رہنا چاہیے۔
مولانا محمد سلطان نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان صبر، تقویٰ، اخوت اور ہمدردی کا مہینہ ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اس مقدس مہینے میں غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں، صدقہ و خیرات دیں اور اپنے اندر ایثار و بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک انسان کو خود احتسابی کا درس دیتا ہے اور اس مہینے میں کی جانے والی عبادات کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ اس لیے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اس بابرکت مہینے کے ہر لمحے سے فائدہ اٹھائے اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کرے۔خطاب کے دوران مولانا نے علاقے میں امن و امان، بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر نمازیوں نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ عالمِ اسلام کے امن و استحکام کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگیں۔