محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران نقدی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بن کر سامنے آ گئی ہے۔ ضلع کے مختلف علاقوں میں نصب بیشتر اے ٹی ایم مشینیں خالی پڑی ہیں جس کے باعث عوام کو روزمرہ ضروریات کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی شہریوں کے مطابق رمضان المبارک میں عام دنوں کے مقابلے میں اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ افطار و سحر کے لئے خوراک، پھل، سبزی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لئے لوگوں کو نقد رقم درکار ہوتی ہے، مگر بیشتر اے ٹی ایم مشینوں میں رقم نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں نقد رقم حاصل کرنے کے لئے ایک اے ٹی ایم سے دوسرے اے ٹی ایم تک جانا پڑتا ہے، تاہم اکثر مقامات پر مشینیں خالی ملتی ہیں۔
اس صورتحال کے باعث نہ صرف وقت کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ بزرگوں، خواتین اور دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی تاجروں کے مطابق بازاروں میں خریداری کا رش بڑھنے کے باوجود نقدی کی کمی کے سبب کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر اے ٹی ایم مشینوں میں بروقت نقدی دستیاب نہ کروائی گئی تو عوام اور تاجروں دونوں کے لیے مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔عوام نے ضلعی انتظامیہ پونچھ اور متعلقہ بینک حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر کے تمام اے ٹی ایمز میں مناسب مقدار میں نقدی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، تاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہریوں کو اپنی ضروریات پوری کرنے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اور بینک حکام جلد مؤثر اقدامات کریں گے اور اے ٹی ایم مشینوں میں نقدی کی دستیابی کو یقینی بنا کر عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں۔