محمد بشارت
بدھل// حلقہ اسمبلی بدھل میں ترقیاتی سرگرمیوں کو اس وقت اہم تقویت حاصل ہوئی جب رکنِ قانون ساز اسمبلی جاوید اقبال چوہدری نے طویل عرصے سے زیرِ التوا 6 کلو میٹر طویل ترن–کنگوٹہ سڑک منصوبے کا باضابطہ افتتاح انجام دیا۔ تقریباً 13 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ مقامی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جس کی تکمیل سے علاقے میں آمد و رفت کی سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔افتتاحی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس منصوبے کو بدھل کی ترقی کی جانب ایک عملی اور مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ طلبہ، مریضوں، کسانوں اور تاجروں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی لائے گا۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیر سے انہیں شاہراہوں، منڈیوں اور دیگر بنیادی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال چوہدری نے کہا کہ ماضی میں بدھل کو نظر انداز کیا گیا اور بعض سیاسی عناصر نے علاقے کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا، جبکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بدھل کے ہر گاؤں اور بستی تک سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا اور تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، جوابدہی اور معیاری تعمیراتی اصولوں کے تحت مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو دیرپا فائدہ حاصل ہو۔انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کوٹرنکہ اور پی ایچ سی بدھل سمیت دیگر طبی مراکز میں عملے کی کمی کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دور دراز دیہی علاقوں میں نئے صحت مراکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ بنیادی طبی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔تقریب میں پی ڈی پی کے سینئر رہنما اور سابق سرپنچ محمد فاروق انقلابی بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس منصوبے کو علاقے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بدھل کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔مقامی افراد نے امید ظاہر کی کہ ترن–کنگوٹہ سڑک کی بروقت اور معیاری تکمیل سے سفری سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ تجارت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی اور بدھل میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔