محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر وارڈ نمبر 1، محلہ قاضی موہڑہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے نئے ہینڈ پمپ کی تنصیب مکمل ہونے پر علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ دیرینہ عوامی مطالبہ پورا ہونے پر مقامی باشندوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے منتخب عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔مقامی شہریوں نے ممبر پارلیمنٹ راجوری/اننت ناگ میاں الطاف احمد لاروی، ایم ایل اے حویلی اعجاز احمد جان اور ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما کی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ محلہ قاضی موہڑہ میں طویل عرصے سے پانی کی شدید قلت تھی، جس کے باعث خواتین، بزرگوں اور بچوں کو روزمرہ ضروریات کے لئے دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑتا تھا۔
اس صورتحال نے نہ صرف روزمرہ زندگی کو متاثر کیا بلکہ صحتِ عامہ کے مسائل کو بھی جنم دیا۔معززین نے کہا کہ منتخب نمائندوں نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کئے تھے، انہیں عملی جامہ پہنانا قابلِ ستائش اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں الطاف احمد لاروی اور اعجاز احمد جان کی مؤثر مداخلت اور ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما کی ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوا، جس سے علاقے کے مکینوں کو بڑی سہولت میسر آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی، جس کے بعد ہینڈ پمپ کی تنصیب کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست پالیسی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وارڈ نمبر 1 کو درپیش دیگر بنیادی مسائل، بالخصوص سڑکوں کی مرمت اور بجلی کے نظام میں بہتری، کو اسی سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔علاقے کے نوجوانوں اور بزرگوں نے اس ترقیاتی اقدام کو محلہ قاضی موہڑہ کی ہمہ جہت ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے انتظامیہ اور منتخب قیادت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔