عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں طلبہ یونین کی طرف سے وزارت تعلیم کی طرف مارچ کے بعد تنازعہ مزید گہرا ہو گیا ہے۔ طلبہ تنظیموں، آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AISA) اور جے این یو اسٹوڈنٹس یونین (JNUSU) نے الزام لگایا ہے کہ دہلی پولیس نے پرامن احتجاج کے دوران طاقت کا استعمال کیا اور اس کے بعد 14 طلبہ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار طلبہ میں جے این یو ایس یو کے تین عہدیدار شامل ہیں: صدر، نائب صدر، جوائنٹ سکریٹری، سابق صدر، اور اے آئی ایس اے کے آل انڈیا صدر۔ طلباء نے جے این یو کیمپس کے وسنت کنج پولیس اسٹیشن تک مارچ کیا اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ طلباء یونین کے مارچ کے دوران جھڑپ کے بعد پولیس اور جے این یو کے کافی طلباء زخمی ہوے ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ ان پر احتجاجی طلباء نے حملہ کیا لیکن طلباء نے الزام لگایا کہ پولیس نے ان کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا۔پولیس کا الزام ہے کہ مظاہرین نے لاٹھیاں اور جوتے برسائے اور حملہ کیا، جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اے سی پی وید پرکاش، اے سی پی سنگھمترا، ایس ایچ او اتل تیاگی اور ایس ایچ او اجے یادو سمیت تقریباً 25 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔جے این یو اسٹوڈنٹس یونین (جے این یو ایس یو) کی صدر ادیتی مشرا، سابق صدر نتیش کمار ان 14 مظاہرین میں شامل تھے جنہیں کالج کے گیٹ پر پولیس کے ساتھ جھڑپ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ان دونوں کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب یہ دونوں ریلی کو کیمپس سے باہر لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ طلباء نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کیمپس سے وزارت تعلیم کے دفتر تک “لانگ مارچ” کی کال دی تھی۔یہ مارچ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے اصولوں پر عمل آوری، جے این یو ایس یو کے عہدیداروں کی تنزلی اور مجوزہ روہت ایکٹ پر ایک پوڈ کاسٹ پر جے این یو کے وائس چانسلر سنت شری دھولیپوڈی پنڈت کے حالیہ تبصرے پر جاری احتجاج کا حصہ تھا۔مظاہرین نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان کے خلاف طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے کئی طلباء زخمی ہوئے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ کی باڈی نے دعویٰ کیا کہ کچھ مظاہرین کو پولیس “غیر مصدقہ مقامات” پر لے گئی۔جے این یو ایس یو نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس کارروائی کے دوران بی آر امبیڈکر کی تصویر کو نقصان پہنچا ہے۔ تصادم کی مبینہ ویڈیوز آن لائن منظر عام پر آگئیں، جن میں ایک امبیڈکر کی تصویر کو مظاہرین سے چھینتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔