عظمیٰ نیوزسروس
لیہہ// مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کوِیندر گپتا نےلوک نواس، لیہہ سے 30طلبہ کے ایک دستے کوراشٹریہ ایکتمتا یاترا 2026سٹوڈنٹ ایکسپیرینس اِن ریجنل انڈرسٹینڈنگ ٹور کے لیے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس اقدام کا انعقاد اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے ودیارتھی سیوا ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔طلبہ کے اس گروپ میں 11طالبات اور 19طلبہ شامل ہیں، جن کا تعلق ایلائزر جولڈن میموریل کالج، یونیورسٹی آف لداخ اور سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف بدھسٹ اسٹڈیز، چوگلمسر سے ہے۔ 13روزہ مطالعاتی دورے کے دوران طلبہ گروگرام، چندی گڑھ، منالی اور جموں کا دورہ کریں گے، جس کا مقصد قومی یکجہتی اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔دورے کے پروگرام میں ممتاز اداروں اور اہم مقامات کا مشاہدہ شامل ہے، جن میں گروگرام میں ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کا پلانٹ اور راشٹرپتی بھون بھی شامل ہیں۔
پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ طلبہ مختلف ریاستوں میں میزبان خاندانوں کے ساتھ قیام کریں گے تاکہ وہ مقامی ثقافت، روایات اور طرزِ زندگی کو قریب سے دیکھ سکیں۔لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے قومی یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ SERU اقدام ‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے، جو مکالمے، ثقافتی تبادلے اور عملی سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد لداخ کے نوجوانوں کو بھارت کے متنوع ثقافتی، جغرافیائی اور انتظامی نظام سے روشناس کرانا ہے تاکہ ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ افق وسیع ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف تعلیمی دورہ نہیں بلکہ قومی اتحاد، ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔