جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے قصاب علاقے میں ایک سومو گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں تین طالبات سمیت پانچ خواتین زخمی ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق گاڑی مینڈھر سے قصاب کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں اچانک ڈرائیور کا کنٹرول گاڑی پر برقرار نہ رہ سکا اور گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ مقامی افراد کی مدد سے زخمی خواتین کو فوری طور پر علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں طبی امداد فراہم کی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمی خواتین زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے حادثے میں شامل سومو گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ ڈرائیور کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری یا سڑک کی خراب حالت کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔