عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ// سیکورٹی فورسز نے انسدادِ ملی ٹینسی کارروائی کے دوران ضلع پونچھ کے گھانی جنگلاتی علاقے میں مشترکہ آپریشن انجام دیتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا، جس سے ایک ممکنہ تخریبی منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ذرائع اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے موصول ہونے والی مربوط انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر فوج کی وائٹ نائٹ کور اور اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) پونچھ نے گھانی فارسٹ علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی۔تلاشی مہم کے دوران ایک قدرتی غار کے نیچے چھپایا گیاملی ٹینٹوں کا اسلحہ ذخیرہ برآمد کیا گیا۔
سیکورٹی فورسز کو موقع سے ایک بڑا آئی ای ڈی (تقریباً 4.5 کلوگرام)، ایک چھوٹا آئی ای ڈی (800 گرام)، دو چینی ساخت کے گرینیڈ، ایک 9 ایم ایم پستول، دو عدد 9 ایم ایم کارتوس اور بائیس عدد 7.62 ایم ایم گولیاں برآمد ہوئیں۔حساس نوعیت کے پیش نظر بم ڈسپوزل ٹیم کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا، جس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام آئی ای ڈیز اور گرینیڈز کو موقع پر ہی محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق اس کارروائی سے نہ صرف سیکورٹی فورسز بلکہ مقامی شہری آبادی کو بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا گیا۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ ممکنہ طور پرملی ٹینٹ سرگرمیوں کے لئے ذخیرہ کیا گیا تھا، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے برآمد کر کے ایک بڑے نقصان کو ٹال دیا گیا۔ علاقے میں مزید مشتبہ سرگرمیوں کے پیش نظر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکورٹی فورسز جنگلاتی علاقوں میں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔حکام نے واضح کیا کہ سرحدی اضلاع میں ملی ٹینسی کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور امن و امان کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لئے مشترکہ آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے جبکہ مشتبہ عناصر کی تلاش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔