رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن میں یوریا کھاد کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث کسان شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی کسانوں کے مطابق گزشتہ تقریباً دو ماہ سے سرکاری اور غیر سرکاری اسٹوروں پر یوریا کھاد دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے گندم کی فصل بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ اس وقت گندم کی فصل کو کھاد کی اشد ضرورت ہوتی ہے، مگر کھاد نہ ملنے کی وجہ سے فصل کی نشوونما متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم اب تک نہ حکومت اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر قدم اٹھایا گیا ہے۔
مقامی کسانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر یوریا کھاد فراہم نہ کی گئی تو انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھاد کی قلت نے زرعی سرگرمیوں کو متاثر کر دیا ہے اور کسان شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔کسانوں نے الزام عائد کیا کہ عوامی نمائندے اور متعلقہ عہدیداران بھی اس اہم مسئلے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے، جس کے باعث ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔متاثرہ کسانوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی اسٹوروں پر جلد از جلد یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ گندم کی فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے اور کسانوں کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔