عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں وکشمیرمیں برسراقتدار جماعت نیشنل کانفرنس کے راجیہ سبھا کے رکن چوہدری محمدرمضان نے نیشنل ہائیڈرئوالیکٹرک پائورکارپوریشن( NHPC) کے زیر انتظام پن بجلی پروجیکٹوں سے متعلق پارٹی کی قرارداد کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو اپنے بڑے پاور اثاثوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا چاہیے۔جے کے این ایس کے مطابق رکن راجیہ سبھا چودھری رمضان نے کہا ہے کہ نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن ( NHPC) نے پہلے ہی جموں وکشمیرکے خطے میں کام کرنے والے ہائیڈل پروجیکٹوں میں اپنی ابتدائی سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ وصولی کر لی ہے،چودھری محمدرمضان نے دلیل دی کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان پن بجلی پروجیکٹوں کی ملکیت جموں و کشمیر کو واپس کر دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور کے بڑے انفراسٹرکچر کی میزبانی کے باوجود، یونین ٹیریٹری اپنے حصے کے طور پر پیدا ہونے والی بجلی کا صرف 12 فیصد حاصل کرتی ہے۔ انتظامات کو غیر مساوی قرار دیتے ہوئے، راجیہ سبھا کے رکن چودھری محمدرمضان نے کہا کہ خطے کو بجلی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ اس کے دریاؤں پر واقع منصوبے کافی آمدنی پیدا کرتے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن ( NHPC) نے جموں و کشمیر میں کئی سالوں میں پروجیکٹوں سے اربوں کی کمائی کی ہے۔انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ طویل مدتی معاشی انصاف توانائی کے وسائل پر زیادہ مقامی کنٹرول کا مطالبہ کرتا ہے۔چودھری محمد رمضان نے کہا کہ ان منصوبوں کو دوبارہ حاصل کرنے سے خطے کی مالی بنیاد مضبوط ہوگی، بجلی کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور ترقیاتی شعبوں میں دوبارہ سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔