عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سرحدی ضلع راجوری نے ایک اہم قومی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایم وائی بھارت بجٹ کوئسٹ 2026 کوئز مقابلے میں پورے ملک میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ضلع کے نوجوانوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14,402 اندراجات درج کرائے، جو ملک میں سب سے زیادہ رہے۔ملنے والی تفصیلات کے مطابق نئی دہلی ضلع 11,097 سبمشنز کے ساتھ دوسرے جبکہ ایسٹ دہلی 8,307 اندراجات کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔ یہ قومی سطح کا آن لائن کوئز مقابلہ 3 فروری سے 22 فروری تک ایم وائی بھارت پورٹل پر منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 11 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔
اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں مرکزی بجٹ کے بارے میں بیداری اور سمجھ کو فروغ دینا تھا۔مقابلے میں کامیاب قرار پانے والے امیدوار اب مضمون نویسی کے اگلے مرحلے میں حصہ لیں گے، جبکہ منتخب امیدواروں کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع بھی حاصل ہوگا۔راجوری جیسے سرحدی ضلع کی یہ کامیابی یہاں کے نوجوانوں کی قومی سرگرمیوں میں بڑھتی دلچسپی اور مثبت کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بھی اپنے بجٹ خطاب میں اس سال کے بجٹ کو ‘‘یوا شکتی سے متاثر’’ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کی تجاویز کو اہمیت دینے پر زور دیا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس کامیابی کو منظم منصوبہ بندی اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے اسکولوں، ڈگری کالجوں اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی سمیت تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونین بجٹ پر خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے جن سے طلبہ کی رہنمائی ممکن ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مربوط تعلیمی رہنمائی اور مسلسل نگرانی کے باعث نوجوانوں کی شرکت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔ مقابلے کا اگلا مرحلہ مضمون نویسی پر مشتمل ہوگا جس کے بعد منتخب امیدوار وزیر اعظم کے ساتھ حتمی نشست میں شرکت کریں گے۔