عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حکومتِ جموں و کشمیر نے جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی کو آگاہ کیا کہ سال 2025 میں اب تک 1.62 کروڑ سے زائد سیاحوں نے جموں و کشمیر کا رخ کیا ہے، جبکہ سیاحت کے شعبے کی پائیدار بحالی اور فروغ کے لیے ایک منظم روڈ میپ پر عمل درآمد جاری ہے۔رکن اسمبلی جاوید حسن بیگ کے سوال کے تحریری جواب میں محکمہ سیاحت نےبتایا کہ سیاحوں کے اعداد و شمار منزل وار محفوظ کیے جاتے ہیں اور گزشتہ تین برسوں کے اعداد و شمار کو قبل از 2019 مدت سے موازنہ کرتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔
ایوان میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جموں ڈویژن میں سال 2025 (تاحال) کے دوران 1,62,35,036 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی، جبکہ کشمیر ڈویژن میں 4,77,882 سیاح آئے، اس طرح مجموعی تعداد 1.67 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔سال 2024 میں جموں ڈویژن میں 2,00,91,379 جبکہ کشمیر ڈویژن میں 98,19,841 سیاحوں کی آمد درج کی گئی۔ اسی طرح 2023 میں جموں میں 1,80,24,166 اور کشمیر میں 96,33,972 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی تھی۔
سال 2025 کے دوران کشمیر کے اہم سیاحتی مقامات میں گلمرگ میں 1,10,728، پہلگام میں 1,00,236، سونمرگ میں 4,87,638، دودھ پتھری میں 1,27,919 اور کوکرناگ میں 6,12,235 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔جموں ڈویژن میں مذہبی مقامات پر بھی سیاحوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔ شری ماتا ویشنو دیوی/کٹرا میں 2025 کے دوران 69.32 لاکھ سے زائد یاتریوں نے حاضری دی، جبکہ شیو کھوری میں 10.56 لاکھ سے زائد عقیدت مند پہنچے۔ اس کے علاوہ پٹنی ٹاپ، مانسر، بھدرواہ، سناسر اور سرنسَر میں بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
حکومت نے کہا کہ سیاحت جموں و کشمیر کی معیشت کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے، جو ہوٹل مالکان، ٹرانسپورٹرز، ٹور گائیڈز، دستکاروں، چھوٹے تاجروں اور دیگر متعلقہ شعبوں کو براہِ راست اور بالواسطہ روزگار فراہم کرتی ہے۔سیاحوں کے اعتماد کی بحالی اور منفی تاثرات کے تدارک کے لیے حکومت نے سیاحتی مقامات پر سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنایا ہے، سڑکوں اور شہری سہولیات میں بہتری لائی گئی ہے، سیاحتی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر تشہیری مہمات میں تیزی لائی گئی ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق ٹریول آپریٹرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور میڈیا نمائندگان کے لیے فیمیلرائزیشن (FAM) ٹورز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔حکومت نے مزید بتایا کہ ایک مرحلہ وار روڈ میپ کے تحت انفراسٹرکچر کی بہتری، رابطہ سڑکوں کی توسیع، ہوم اسٹے سمیت رہائشی سہولیات میں اضافہ، ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو مستحکم بنانے اور مقامی نوجوانوں کی اسکل ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ مذہبی سیاحت، ایڈونچر ٹورازم، ایکو ٹورازم، دیہی سیاحت اور سرمائی سیاحت کے فروغ پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور پورے یونین ٹیریٹری میں ہمہ گیر معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
جموں و کشمیر میں سیاحت کو زبردست فروغ، 2025 میں اب تک 1.62 کروڑ سے زائد سیاحوں کی آمد: حکومت کا اسمبلی کو جواب