عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/معروف سیاسی کارکن انجینئر نذیر احمد یتو نے کہا ہے کہ اخوت، بھائی چارہ اور قومی یکجہتی ہی کسی بھی قوم کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چند شرپسند عناصر امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ایسے عناصر کسی بھی معاشرے کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتے۔انجینئر نذیر احمد یتو نے مختلف مقامات سے آئے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی اور انہیں بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کی سازش کرتے ہیں، لیکن باشعور شہریوں کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ہم سب انسانیت، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ ہماری اصل طاقت اتحاد، امن اور یکجہتی میں مضمر ہے، اور یہی رویہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاحوں نے انجینئر نذیر احمد یتو کی خوش اخلاقی، عاجزی اور بھائی چارے کے مضبوط پیغام کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ سیاحوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ ملک میں امن، محبت اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
اخوت اور اتحاد ہی قوم کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکتے ہیں: انجینئر نذیر احمد یتو