عظمیٰ نیوزسروس
جموں//محکمہ زراعت پیداوار و کسان بہبود نے ضلع جموں میں کھاد کی فروخت میں بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی کو تیز کرتے ہوئے مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے کے الزام میں دو کھاد ڈیلروں کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی کھاد (کنٹرول) حکم نامہ 1985کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ محکمے کے قانون نافذ کرنے والے ونگ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لا انفورسمنٹ (اے ڈی ایل ای) کی قیادت میں ضلع جموں کے مختلف علاقوں میں اچانک معائنہ اور چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔ اس دوران بشناہ کے رتھانہ موڑ میں واقع ایم/ایس سریندر کمار فرٹیلائزر اسٹور اور جموں کے تلی موڑ میں قائم ایم/ایس ستپال فرٹیلائزر کے احاطوں اور ذخیرہ گاہوں کی جانچ کی گئی۔ معائنے کے دوران موقع پر موجود کئی کسانوں نے شکایت کی کہ انہیں کھاد مقررہ زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) سے زائد نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ شکایات کھاد (کنٹرول) حکم نامہ 1985کی دفعہ 3(3) کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں، جس کے تحت کھاد کی فروخت صرف سرکاری طور پر طے شدہ نرخوں پر ہی کی جا سکتی ہے۔شکایات اور معائنے کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف ایگریکلچر آفیسر جموں منوہر لال شرما نے حکم نامے کی دفعہ 31کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے دونوں ڈیلروں کے لائسنس 30دن کے لیے فوری طور پر معطل کر دیے۔ معطلی کی مدت کے دوران دونوں ڈیلروں کو کسی بھی قسم کی کھاد کی خرید و فروخت سے روک دیا گیا ہے۔