چند صحافیوںکا مقصد صحافت نہیں،صرف بلیک میلنگ ،ہم ان سے ڈرنے والے نہیں:سریندر چودھری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کے بعض لیڈران کے بیانات کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے رہنما سنیل شرما نے پیر پنچال خطے اور اْن کی ذاتی حیثیت کے بارے میں غیر مہذبانہ زبان استعمال کی، جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر لیڈر آف اپوزیشن ہی اس طرح کے الفاظ استعمال کرتے ہیں تو پھر بی جے پی سے کیا توقع رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایوان میں کسی بھی طرح کی غلط بیانی نہیں کی، جبکہ بی جے پی کی جانب سے پیش کیے جارہے اعتراضات بنیاد سے عاری اور سمجھ سے بالاتر ہیں۔سریندر چودھری نے کہا کہ بی جے پی کے پاس کوئی حقیقی مدعا نہیں، اسی لیے وہ غیر ضروری تنازعات کھڑے کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایوان عوامی مسائل اجاگر کرنے کی جگہ ہے، نہ کہ سیاسی الزام تراشیوں کا میدان۔ سریندر چودھری نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ چند مخصوص صحافی ایوان کے آس پاس غیر پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور اپنی موجودگی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ صحافی یہاں پورا دن چائے پیتے ہیں، ان کا مقصد صحافت نہیں بلکہ بلیک میلنگ ہے اور وہ خود پے ررول پر ہیں۔نائب وزیر اعلی نے صحافت کی آڑ میں منفی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد نہ صرف صحافتی وقار کو مجروح کر رہے ہیں بلکہ ایوان میں غیر ضروری ماحول پیدا کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ یہاں بکواس کرنے آتے ہیں۔ ان سے پوچھیں کہ جموں کے مسائل کیا ہیں؟ ماتا ویشنو دیوی کا اتنا بڑا مسئلہ ہے لیکن وہ اس پر بولنے کی بجائے بے بنیاد خبریں اور ذاتی مفادات کے لیے خبریں چلاتے ہیں۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ چند نام نہاد صحافی لوگوں سے پیسے وصول کر نیوز چلاتے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ ان کے پیچھے کون لوگ سرگرم ہیں۔ نائب وزیر اعلی نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان سے ڈرنے والے نہیں۔سریندر چودھری نے پیشہ ورانہ اور ذمہ دار میڈیا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان صحافیوں کا احترام کرتی ہے جو سیکولر نظریات، دیانت اور وطن کی مضبوطی و بھلائی کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اور ذمہ دار صحافت ریاست کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، مگر چند عناصر کے رویے سے پورا شعبہ بدنام نہیں ہونا چاہیے۔
سنیل شرما کا سپیکر پر جانبداری کا الزام
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر اسمبلی میں بدھ کو اس وقت سیاسی گرمی بڑھ گئی جب لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے ایوان کی کارروائی کو ’جانب دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے سپیکر پر حکومتی بنچوں کی ہدایات کے مطابق اجلاس چلانے کا الزام عائد کیا۔ شرما نے اس صورتحال کو قانون ساز ادارے کے لیے بدقسمتی سے تعبیر کیا۔سنیل شرما کے یہ سخت ریمارکس اْس وقت سامنے آئے جب وہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے حالیہ بیان پر ردعمل دے رہے تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے استعمال کی گئی زبان ایوان میں موجود ارکان کے لیے ناقابل برداشت ہے۔سنیل شرما نے نیشنل کانفرنس کی قیادت پر بھی کڑی تنقید کی اور پارٹی میں تکبر کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ محمد عبداللہ کے خانوادے سے تعلق رکھنے والے افراد میں ایک طرح کا غیر معمولی حق جتلانے کا رویہ پایا جاتا ہے اور پارٹی کی اندرونی سیاست بھی اسی مزاج کی عکاس ہے۔شرما نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے اپنے بیان پر کسی قسم کی ندامت یا رجوع کا اظہار نہیں کیا، اور ایسی صورتحال میں اس ایوان اور اسپیکر سے کیا توقع کی جا سکتی ہے جو اس طرزِ بیان کو برداشت کرے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو پہلے بھی اٹھا چکے ہیں اور آج ایک بار پھر ایوانی شفافیت اور جواب دہی کا تقاضا کر رہے ہیں۔