عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//مشن واتسلیہ کے تحت ایک اہم فلاحی اقدام کے طور پر ڈپٹی کمشنر پونچھ، اشوک کمار شرما نے ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 243 یتیم بچوں میں مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے مالیت کے اسپانسرشپ چیکس تقسیم کئے۔ اس مالی امداد کا مقصد یتیم اور کمزور بچوں کی تعلیم، نگہداشت اور مجموعی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور ضلع سطح پر بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر خلیل اے بندے نے مشن واتسلیہ کے تحت دستیاب فنڈز کی تفصیلات پیش کیں اور مستحق بچوں کو شفاف اور بروقت مالی امداد فراہم کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام معاملات ضابطے کے مطابق جانچ پڑتال کے بعد منظور کیے گئے ہیں تاکہ حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچ سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ضرورت مند اور بے سہارا بچوں کی فلاح، تحفظ اور ہمہ جہتی ترقی کے لئے پوری طرح پْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت بنتے ہیں بلکہ ایک محفوظ اور مضبوط معاشرے کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مشن واتسلیہ کے تحت بچوں کو فراہم کی جانے والی اسپانسرشپ اسکیم تعلیم کے تسلسل، بنیادی ضروریات کی فراہمی اور ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرے گی۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کرتے ہیں، نے مزید 109 مستحق کیسز کی منظوری دی ہے اور انہیں بھی جلد اسپانسرشپ کے فوائد فراہم کیے جائیں گے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفس کے عملے، چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (CWC) کے اراکین اور پی او این آئی سی بھی موجود تھے۔