ایجنسیز
ٹوکیو// جاپان میں ریکارڈ برفباری کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 45 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد تقریباً 600 کے قریب ہو گئی ہے۔ یہ معلومات ملک کے مرکزی فائر سروس کے اعداد و شمار کے تجزیے سے سامنے آئی ہیں۔20 جنوری سے اب تک مجموعی طور پر 585 افراد مختلف نوعیت کی چوٹوں کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 187 شدید زخمی ہیں، جبکہ کم از کم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔گزشتہ ہفتے شمالی جاپان میں ریکارڈ برفباری کی دوسری لہر دیکھی گئی۔ آوموری پریفیکچر میں برف کی گہرائی 4.6 میٹر (تقریباً 15 فٹ) سے تجاوز کر گئی جبکہ ہوکائیڈو کے دارالحکومت ساپورو میں یہ ایک میٹر سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔جمعہ کے روز ایک اور برفانی طوفان نے جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو کو متاثر کیا جہاں بعض علاقوں میں ہوا کی رفتار 35 میٹر فی سیکنڈ (تقریباً 78 میل فی گھنٹہ) تک پہنچ گئی۔حکام نے ہوکائیڈو کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، برفانی طوفان، بلند سمندری لہروں اور شدید برفباری سے متعلق انتباہ جاری کیے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔