ایجنسیز
کوالالمپور// وزیر اعظم نریندر مودی اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا ہفتہ کے روز یہاں بھارتی کمیونٹی کی ایک تقریب میں پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں 800 سے زائد فنکاروں نے رقص پیش کیے۔800 سے زیادہ رقاصوں نے بھارتی کلاسیکی اور لوک رقصوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا جن میں بھرت ناٹیم، کتھک، کتھکلی، کچپودی، یکش گانا، لاونی اور اوڈیسی شامل تھے۔مودی اور ابراہیم ایک ہی گاڑی میں تقریب کے مقام پر پہنچے اور اسٹیج پر ان کا استقبال ‘‘بھارت ماتا کی جے’’ اور ‘‘مودی، مودی’’ کے نعروں سے کیا گیا۔اعلان کیا گیا کہ اس رقص کی پیشکش نے ملائیشین بک آف ریکارڈز میں بھارتی رقص کی ایک تقریب میں سب سے زیادہ فنکاروں کی شرکت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔انور ابراہیم نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’مجھے ذاتی طور پر خوشی ہے کہ بھارت سے میرے ایک قریبی دوست ملائیشیا آئے ہیں۔‘‘انہوں نے دونوں ممالک کے قدیم تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ روابط سفارت خانوں اور تجارتی معاہدوں سے بھی پہلے کے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ملائیشیا کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے اور صرف اشیا ہی نہیں بلکہ 2025 میں پندرہ لاکھ سے زائد بھارتی سیاح بھی ملائیشیا آئے۔انہوں نے کہا،’’مجھے فخر ہے کہ میں مودی جی اور بھارت کا ذاتی دوست ہوں۔‘‘وزیراعظم مودی ہفتہ کے روز دو روزہ دورے پر کوالالمپور پہنچے جہاں ان کے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم نے ان کا استقبال کیا۔مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا،’’کوالالمپور پہنچ گیا ہوں۔ ہوائی اڈے پر میرے دوست وزیر اعظم انور ابراہیم کی جانب سے پْرتپاک استقبال پر میں دل سے متاثر ہوں۔ ہماری بات چیت اور بھارت و ملائیشیا کے درمیان دوستی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا منتظر ہوں۔‘‘