یواین آئی
جے پور//جل شکتی کے مرکزی وزیر سی آر پاٹل نے ہفتہ کے روز کہا کہ سندھ آبی معاہدے کے تحت پاکستان کو پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں دیا جائے گا۔وہ یہاں مرکزی بجٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں سی آر پاٹل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ اپریل میں اس معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔ پانی کے مسئلے کے لیے ڈی پی آر تیار کیا جا رہا ہے، اب پاکستان کو پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو ایک بوند پانی نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی جو پانی چھوڑنا پڑ رہا ہے اس پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔اس سوال کے بارے میں کہ پاکستان کو چھوڑا جانے والا پانی کب تک روکا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ پانی جب رکے گا، تب بتا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی آر پر کام کیا جا رہا ہے اور اس سے ہریانہ، پنجاب، دہلی اور راجستھان کو پانی فراہم ہوگا اور ان کے پانی کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔