منصوبہ حتمی منظوری کے آخری مرحلے میں ہے:سکینہ اِیتو
عظمیٰ نیوز سروس
جموں///وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے کل ایوان کو بتایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں انتہائی پسماندہ طبقے ( اے اے وائی ) زُمرے کے ہر گھرانے کو ماہانہ 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کی پابند ہے اور اس سلسلے میں منصوبہ حتمی منظوری کے آخری مرحلے میں ہے ۔ وزیرموصوفہ نے یہ بات وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے شکتی راج پریہار کی جانب سے پاور سیکٹر کے بارے میں اُٹھائے گئے سوال کے جواب میں کہی ۔ اُنہوں نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع میں فی الحال لوڈ کٹوتی پروگرام کے مطابق روزانہ 3 سے 6 گھنٹے بجلی کی کٹوتی ہوتی ہے ۔ اِس کے علاوہ مجموعی بجلی کی دستیابی کہ وجہ سے سٹیٹ لوڈ ڈسپیچ سینٹر ( ایس ایل ڈی سی ) کی اضافی شیڈنگ بھی ہو سکتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع کے بعض علاقوں جیسے پریم نگر ، دھارہ ، ٹھاٹھری ، بھٹیاس ، گندھو اور بھلیسہ میں سسٹم کی پابندیوں جیسے لمبی فیڈر لمبائی ، کیپسٹی کی کمی ، وولٹیج کے مسائل اور تکنیکی نقصانات کی وجہ سے اضافی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ وزیر سکینہ ایتونے کہا کہ حکومت نے گھریلو بجلی صارفین کیلئے ایمنسٹی سکیم شروع کی ہے جس میں جمع شدہ واجبات پر سود /سرچارج کی معافی دی گئی ہے جو 31 ؍مارچ 2026 ء کو ختم ہو رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سمارٹ میٹرنگ تین مراحل میں یعنی مرحلہ اوّل اور مرحلہ پی ایم ڈِی پی دوم کے تحت اور مرحلہ آر ڈِی ایس ایس سوم کے تحت نافذ کی جا رہی ہے ۔ اُنہوں نے بتایا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت کل 6,45,738سمارٹ میٹر نصب کئے جا چکے ہیں جن میں سے 1,25,367 پی ایم ڈی پی مرحلہ اوّل کے تحت اور 5,20,371 پی ایم ڈی پی مرحلہ دوم کے تحت ہیں ۔
ُ
رہائشی ضروریات پورا کرنے کیلئے ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع : سکینہ ایتو
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے ایوان کو مطلع کیا کہ جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( جے ڈی اے) اور سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایس ڈی اے ) کے ذریعے جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع کئے ہیں تا کہ مقامی آبادی کی رہائشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے یہ بات قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے جواب دیتے ہوئے کہی ۔ یہ سوال قانون ساز نظام الدین بٹ نے قانون ساز طارق حمید کرہ کی طرف سے ایوان میں پوچھا تھا ۔ وزیر موصوفہ نے ایوان کو بتایا کہ ایس ڈی اے نے نیشنل ہائی وے بمنہ بائی پاس کے ساتھ شہجارہائیٹس اپارٹمنٹس پروجیکٹ شروع کیا ہے جس کی تخمینہ لاگت 84.78 کروڑ روپے ہے جس میں 112 فلیٹس ( 56 فلیٹس 2BHK اور 56 فلیٹس 3BHK ) عام عوام کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ https://www.jkhm.in پر درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور آخری تاریخ 20 ؍فروری 2026 ہے اور پروجیکٹ 24 ماہ کے اندر یعنی 2027-28 میں مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نیشنل ہائی وے بائی پاس بمنہ سرینگر ( رکھہ گنڈ اکشا ) کے ساتھ 150 ہیکٹر زمین پر ایک سیٹلائٹ ٹاؤن شپ تیار کرنے کی تجویز پیش کی ہے جو کہ زیر عمل ہے اور ایجنسی کی طرف سے ڈی پی آر جمع ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا ۔ وزیر نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ہاوسنگ بورڈ نے جے ڈی اے اور ایس ڈی اے کے ذریعے مختلف مقامات پر ہاوسنگ پروجیکٹس شروع کئے ہیں۔ ان میں چک بلوال جموں میں ماس ہاؤسنگ کالونی کی ترقی ، بھلوال جموں میں فلیٹڈ ایکوڈیشن کی تجویز شدہ تعمیر ، چوادی جموں میں ماس ہاوسنگ کالونی کی ترقی ،ضلع سانبہ تحصیل بڑی براہمناں میں بیر پور میں ماس ہاوسنگ کالونی کی ترقی ، سرینگر میں چترہامہ میں ہاوسنگ کالونی کی ترقی ، گاندر بل میں باکورہ میں ہاوسنگ کالونی /فلیٹڈ ایکوڈیشن کی ترقی ، ضلع بانڈی پورہ تحصیل واتہ پورہ میں انٹیگریٹڈ ماس ہاؤسنگ کالونی کی ترقی ، پلوامہ پدگام پورہ میں ماس ہاؤسنگ کالونی ( فلیٹڈ ایکوڈیشن ) کی ترقی شامل ہے ۔ اُنہوں نے بتایا کہ تجویز شدہ پروجیکٹوں میں جموں و کشمیر ہاؤسنگ ، افورڈیبل ہاوسنگ ، سلم ری ڈیولپمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ٹاؤن شپ پالیسی 2020 کے مطابق 20 فیصد ہاوسنگ یونٹس اکنامک ویکر سیکشن ( ای ڈبلیو ایس ) اور لو انکم گروپ ( ایل آئی جی ) کیلئے مختص کئے جائیں گے ۔اِس ضمن میں قانون ساز مبارک گُل نے ضمنی سوال اُٹھایا ۔