عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کھیلوں میں شرکت اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2021-22 سے اب تک 58 لاکھ سے زائد نوجوان مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں سے وابستہ ہوئے جبکہ جموں کشمیرکے کھلاڑیوں نے قومی سطح پر 2,556 تمغے حاصل کیے ہیں۔تازہ جاری کردہ سرکاری اعدادوشمارکے مطابق یو ٹی کے کھلاڑیوں نے 2021-22 سے اب تک 2,556 قومی تمغے جیتے، جن میں 843 طلائی، 737 چاندی اور 976 کانسی کے تمغے شامل ہیں، جبکہ 84 بین الاقوامی تمغے بھی حاصل کیے گئے ہیں، جو کھیلوں میں مسلسل شاندار کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق شہری، دیہی، قبائلی اور سرحدی علاقوں کے نوجوانوں نے ’مائی یوتھ مائی پرائیڈ، ہر دن کھیل‘ اور’نشہ مکت بھارت ابھیان‘جیسے پروگراموں میں بھرپور شرکت کی، جس سے خطے میں کھیلوں کی مضبوط ثقافت کو فروغ ملا۔ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر نے ملک میں سب سے زیادہ ’کھیلو انڈیا مراکز‘قائم کیے ہیں، جہاں تمام 20 اضلاع میں روزانہ 5,000 سے زائد بچوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خواتین کی کھیلوں میں شمولیت میں بھی قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق یو ٹی نے کئی بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کر کے اپنی اسپورٹس پروفائل کو مزید مضبوط کیا، جن میں 3rd ایشیائی پینک سلَٹ چیمپئن شپ (12 سے زائد ممالک کی شرکت)، متعدد قومی چیمپئن شپس، 5ویں ونٹر اسپورٹس ایڈیشن اور پہلی بار منعقد ہونے والا ’کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول‘شامل ہے، جس میں 28 ریاستوں/یو ٹی سے 500 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
اعداد و شمار میں یہ بھی بتایا گیا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں توسیع کی گئی ہے، جس کے تحت 60 سے زائد فلڈ لِٹ اسٹیڈیمز، اپ گریڈ شدہ ٹرفس اور انڈور ہالز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ گلمرگ، پہلگام، ولر اور رائل اسپرنگس جیسے مقامات کو اسپورٹس ٹورازم کے لیے فروغ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر نے 69ویں نیشنل اسکول گیمز کے 7 مقابلوں کی میزبانی کی اور نیشنل یوتھ فیسٹیول 2025 (VBYLD) کے دوران 3,000 سے زائد نوجوانوں کی شرکت کے ساتھ قیادت کا مظاہرہ کیا۔
58لاکھ سے زائد نوجوان کھیلوں سے وابستہ، کھیلو انڈیا مراکز کی تعداد میں جموں کشمیر سرفہرست: سرکاری اعداد و شمار