یواین آئی
غزہ// جنگ بندی کے تسلسل کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کے کئی علاقوں میں حملوں اور گولہ باری کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد فلسطینیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ العربیہ اور الحدث کے نمائندے کے مطابق بدھ کی علی الصبح اسرائیلی توپ خانے کی شیلنگ سے کم از کم 9 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ غزہ شہر کے مشرقی علاقوں الزیتون اور التفاح میں بے گھر شہریوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔طبی حکام نے مزید بتایا کہ خان یونس کے جنوبی علاقے قیزان رشوان میں بھی خیمہ بستیوں پر گولہ باری کی گئی، جہاں چار فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے کہا کہ قیزان ابو رشوان میں تین افراد جان سے گئے، جن میں دو نوجوان اور ایک 12 سالہ بچہ شامل تھا۔ لاشوں کو ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق شہر کے مشرقی، وسطی اور جنوبی حصوں میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب شمالی غزہ کے ’یلو لائن‘ علاقے میں ایک کارروائی کے دوران الیگزینڈرونی بریگیڈ کی فورس پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ریزرو افسر شدید زخمی ہو گیا۔