عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مرکزی بجٹ 2026-27کو عملی اور حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے اس کی ستائش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس میں اِقتصادی رفتار کو ترجیح دی جائے گی، مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا، ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا جائے گا اور آئندہ چند برسوں میں 5ٹریلین ڈالر کی معیشت کا سنگِ میل طے کیا جائے گا جبکہ جامع مالیاتی حکمتِ عملی ترقی کے اہداف کو سماجی فلاح کے ساتھ ہم آہنگ کرے گی۔اُنہوںنے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرخزانہ نرملا سیتارامن کاجموں و کشمیر یو ٹی میںماحولیاتی طور پر دیرپا پہاڑی راستوں کی ترقی پر شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ اس اَقدام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سیاحتی شعبے کو نئی تقویت ملے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’بجٹ 2026-27میںاقتصادی ترقی کو تیز کرنے، بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے، ساتھ سٹریٹجک شعبوں میں مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا جبکہ فلاحی اقدامات کے لئے مستقل عزم کو برقرار رکھا گیا ہے۔ یہ بڑھتی ہوئی صنعتوں پرتبدیلی کا اثر ڈالے گا، انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) 2.0کے تحت سیمی کنڈکٹر ترقی کو نئی رفتار دے گا اور خصوصی ریئر ارتھ زونوںکے قیام کے ذریعے ہندوستان کی دیگر ممالک پر نایاب زمین کے عناصر پر انحصار کو کم کرنے میں ایک اہم قدم ہوگا۔‘‘اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ آرٹیفیشل اِنٹلی جنس، روزگارکے مواقع پید ا کرنے اور خدماتی شعبے میں بہتری کے ساتھ ہندوستان کی مسابقتی برتری معیشت کے ہر شعبے میں مزید مضبوط ہوگی جبکہ یہ ترقی پسند مالی منصوبہ جامع شعبہ جاتی توسیع اور عالمی اہمیت کی بنیاد قائم کرے گا۔اُنہوں نے مزید کہا’’بجٹ 2026-27چند برسوں میں 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے سنگِ میل تک پہنچنے کا راستہ متعین کرتا ہے اور دو دہائیوں سے کم مدت میں ترقی یافتہ معیشت بننے کے ہمارے بلند حوصلہ ویژن کو پیش کرتا ہے۔ بجٹ میں نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کے لئے بااختیار بنانے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچہ، ایم ایس ایم ایز، صحت، شہری ترقی، الیکٹرانکس اور سپلائی نیٹ ورکس مستقبل کی حکمتِ عملی کا مرکز ہوں گے تاکہ ملک کی معاشی رفتار برقرار رہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم گھریلو پیداوار میں اِضافہ اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘